قومی اسمبلی سیکرٹریٹ
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا
پریس ریلیز
*اسپیکر قومی اسمبلی کی میاں محمد شہباز شریف کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد*
اسلام آباد، 3 مارچ، 2024؛ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف کو دوسری بار بھاری اکثریت سے وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے ۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے تہنیتی پیغام میاں محمد شہباز شریف کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بطور وزیراعظم پاکستان دوسری بار بھاری اکثریت سے ان کا انتخاب اتحادی جماعتوں کے قائدین اور اراکین قومی اسمبلی کی ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے ۔انہوں اس اعتماد کا اظہار کیا کہ میاں محمد شہباز شریف ایک زیرک، کہنہ مشق، صاحب بصیرت اور مدبر سیاسی رہنما ہیں ان کی ولولہ انگیز قیادت میں وفاقی حکومت ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنےاور عوام کی فلاح و بہبود اور ان کا معیار زندگی بلند کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی ۔انہوں مزید کہا کہ اپنے پہلے دور حکومت میں میاں محمد شہباز شریف نے ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے خلوص نیت اور جانفشانی سے دن رات کام کیا وہ اب بھی اسی جوش و جذبے اور لگن کے ساتھ ملک کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے مشن کو جاری رکھیں گے۔ اسپیکر نے میاں محمد شہباز شریف کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اللہ تعالیٰ سے ان کی کامرانی اور نصرت فرمانے کی دعا کی۔